طلال چودھری 13

پی پی ایل کے دفاتر کی منتقلی کا فیصلہ انتظامی و مالی ضروریات کے تحت کیا جا رہا ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)کے دفاتر کی منتقلی کے معاملے کو صوبائیت کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے، یہ فیصلہ کمپنی کے انتظامی و مالی معاملات اور اخراجات کو موثر انداز میں چلانے کی ضرورت کے تحت کیا جا رہا ہے۔

جمعہ کو سینٹ میں سینیٹر سید وقار مہدی اور سینیٹر ضمیر حسین گمرو کے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمپنی کے بورڈ نے متعدد مرتبہ موجودہ دفتر کی عمارت خالی کرنے کو ناگزیر قرار دیا ہے، عوامی پیسہ قومی امانت ہے، اس لیے دو مختلف مقامات پر دفاتر، اضافی اخراجات اور الگ الگ انتظامی ڈھانچے برقرار رکھنے کے بجائے وسائل کے موثر استعمال کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ دفتر کی منتقلی سے تمام ملازمین متاثر ہوں گے۔

کمپنی کے تقریبا 77 فیصد ملازمین مذکورہ دفتر میں تعینات نہیں بلکہ مختلف مقامات اور دیگر دفاتر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان پر منتقلی کے فیصلے کا براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ کمپنی کے اثاثے صرف سندھ تک محدود نہیں بلکہ بلوچستان میں بھی اس کے بڑے اثاثے موجود ہیں۔ اگر ہر صوبے کی بنیاد پر دفاتر کے قیام یا منتقلی کے فیصلے کیے جائیں تو انتظامی معاملات کو موثر انداز میں چلانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے دفتر کو کراچی یا سندھ سے منتقل کرنے کے معاملے پر صوبائیت کی بنیاد پر سوچنے کی کوئی گنجائش نہیں، اس معاملے کو کمپنی کی ضروریات، بورڈ کی سفارشات اور قومی وسائل کے موثر استعمال کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں