عرفات 14

پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز ملنا اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے، عرفات منہاس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفات منہاس نے شاندار کارکردگی کا سہرا مثبت سوچ اور مسلسل محنت کو قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز ملنا اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے۔آل راؤنڈر عرفات منہاس نے ایک انٹرویومیں کہا کہ تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کرنا اعتماد میں اضافے کا باعث بنا ہے، کامیابی ہو یا ناکامی محنت اور ٹریننگ کا معمول یکساں رکھتا ہوں۔عرفات منہاس نے کہا کہ ہر میچ میں پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا میری ترجیح ہے، فائنل میں جلد وکٹیں گرنے کے بعد حسن نواز کے ساتھ شراکت قائم کرنے پر توجہ تھی، ہماری کوشش میچ کو آخری اوورز تک لے جانے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حسن نواز اور میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے اچھی طرح واقف تھے، گیند تبدیل ہونے کے بعد بیٹنگ میں آسانی ہوئی، ایک بڑے اوور نے میچ کا رخ ہمارے حق میں موڑ دیا، بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے سے اضافی حوصلہ ملتا ہے۔عرفات منہاس نے کہا کہ دباؤ میں اعصاب پر قابو رکھنا اور درست فیصلے کرنا اہم ہوتا ہے، مختلف فارمیٹس میں کامیابی کے لیے ذہنی تیاری بہت ضروری ہے، فارمیٹ کوئی بھی ہو محنت اور نظم و ضبط کا معمول یکساں رہتا ہے۔واضح رہے کہ عرفات منہاس نے تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پانچ میچوں میں 149 رنز بنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں، عرفات منہاس نے فائنل میں 31 گیندوں پر 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ عرفات منہاس اور حسن نواز نے چھٹی وکٹ پر 94 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں