فیلڈ مارشل 31

پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی،فیلڈ مارشل

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈا، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں روکا جا سکتا، مسلح افواج عوام کی حمایت سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں، پائیدار ترقی عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ موثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے اعلی تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت افسران اور اساتذہ سے خطاب کیا اور جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا موثر جواب دینے کے لئے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں، افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا، پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پائیدار ترقی عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مور سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور بھی دیا۔فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی بھلائی کو مدنظر رکھ کر طویل المدتی ترقی اہمیت رکھتی ہے، بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ حکمرانی اور ترقی اہمیت رکھتی ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں بلند مقام حاصل کرنا ہے، پاکستان کا ترقی اور خوشحالی کا سفر منزل تک پہنچے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں