لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ والد کی جانب سے نجی طور پر کرایا گیا ڈی این اے ٹیسٹ شادی کے دوران پیدا ہونے والے بچے کا نسب ختم نہیں کر سکتا جبکہ عدالت نے رٹ پٹیشن خارج کرتے ہوئے فیملی کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج گوجرانوالہ کے فیصلے برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسد علی باجوہ نے آٹھ صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔ جسے رپورٹنگ کے لیے منظور کیا گیا ہے۔ مقدمے کے پس منظر کے مطابق زینب عرفان اور ان کے نابالغ بیٹے نے نان نفقہ، حق مہر اور جہیز کی واپسی کا مشترکہ دعوی دائر کیا تھا۔ خاتون کے مطابق 18 اگست 2019 کو شادی ہوئی اور شوہر نے بیٹے سمیت گھر سے نکال دیا۔
فیملی کورٹ نے 6 اکتوبر 2025 کو دعوی جزوی طور پر منظور کیا۔ اپیل پر 6 جولائی 2026 کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے بیٹے کا ماہانہ خرچہ 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دیا جس میں ہر سال 10 فیصد اضافہ شامل ہے۔ اس کے خلاف شوہر اور اس کے اہل خانہ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا کہ شوہر نے بچے کے نسب سے انکار کیا تھا اور برطانیہ کی ایک لیبارٹری سے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جس کے مطابق ”پیٹرنٹی خارج”تھیلہٰذانان نفقہ کا حکم غیر قانونی ہے۔ جہیز کے دعوے کو بھی غیر ثابت شدہ قرار دیا گیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بچہ شادی کے قائم رہنے کے دوران 27 اپریل 2022 کو پیدا ہوا۔ ملزم کے اپنے گواہوں، یعنی والد، والدہ اور ماموں، نے تسلیم کیا کہ پیدائش کے وقت نکاح قائم تھا۔ والد نے جرح میں مانا کہ شوہر خود بیوی کو ہسپتال لے کر گیا۔ والدہ نے بھی ہسپتال میں موجودگی تسلیم کی۔ عدالت نے قانون شہادت آرڈر 1984 کے آرٹیکل 128 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسا بچہ قانوناًجائز اولاد تصور ہوتا ہے۔”پرائیویٹ ڈی این اے ٹیسٹ”فیصلے کے مطابق یہ ٹیسٹ شوہر نے خود کرایا۔ نہ کسی مجاز عدالت کی نگرانی تھی، نہ ماں کی رضامندی شامل تھی۔ عدالت نے ایسی یکطرفہ رپورٹ کو آرٹیکل 128 کی قطعی قانونی حیثیت ختم کرنے کے لیے ناکافی قرار دیا۔
عدالت نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت عزت نفس اور آرٹیکل 9 کے تحت آزادی محفوظ ہے۔ بغیر اجازت ڈی این اے نمونہ لینا ماں اور بچے کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسی رپورٹس کو عام طور پر تسلیم کیا جائے تو معاشرے میں انتشار پھیل سکتا ہے۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کا حوالہ دیا۔عدالت نے سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے حوالے سے کہا کہ مسلمان باپ نسب سے انکار پیدائش کے زیادہ سے زیادہ 40 دن کے اندر کر سکتا ہے۔ بچہ 27 اپریل 2022 کو پیدا ہوا جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ 5 ستمبر 2022 کو کرایا گیا، یعنی مقررہ مدت کے کئی ماہ بعد یہ کرایا گیا۔ عدالت نے اس ٹیسٹ کو قانون کی نظر میں بے وقعت قرار دیا۔ اس سے پہلے فیملی کورٹ 5 اپریل 2023 کو شوہر کا یہ موقف مسترد کر چکی تھی۔ فیصلے کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کا حکم معمولی درخواست پر نہیں دیا جا سکتا۔ والدین کی رضامندی کے باوجود عدالت دیکھے گی کہ یہ بچے کے بہترین مفاد میں ہے یا نہیں۔عدالت نے کہا کہ شوہر برطانیہ میں مقیم اور وہاں سے رقم بھیجتا تھا۔
اس کے والد نے جرح میں مانا کہ بیٹا انگلینڈ سے ان کے بینک اکائونٹ میں رقم بھیجتا تھا۔ اگرچہ بیوی نے آمدن کا دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا، مگر ان اعترافات سے اس کے موقف کو تقویت ملی۔ عدالت نے کہا کہ نان نفقہ میں خوراک، لباس اور رہائش کے ساتھ تعلیم، علاج اور بچے کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ اپیلٹ کورٹ کی بڑھائی گئی رقم میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں پائی گئی۔فیملی کورٹ نے جہیز کی فہرست کے کچھ نمبروں کی اشیا ء خارج کر کے باقی اشیا ء یا ان کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے دلانے کا حکم دیا تھا۔ ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ دعوی مکمل طور پر قبول نہیں کیا گیا بلکہ شواہد دیکھ کر جزوی ڈگری دی گئی، لہٰذامداخلت کا جواز نہیں۔ ابتدائی فیصلے میں عدت کے لیے 12 ہزار روپے ماہانہ (کل 36 ہزار روپے)خرچہ بھی دیا گیا تھا جو برقرار ہے۔ حق مہر کا دعوی پہلے ہی مسترد ہو چکا تھا۔عدالت نے قرار دیا کہ آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ صرف اسی وقت مداخلت کرتی ہے جب عدالتی دائرہ اختیار کی خامی، واضح قانونی غلطی یا شواہد کی غلط تشریح ثابت ہو۔ درخواست گزار ایسی کوئی خامی ثابت نہ کر سکے، چنانچہ درخواست خارج کر دی گئی۔









