ریپ موسیقی 14

پاکستان کے پہلے ریپ رئیلٹی شو کا ٹیزر جاری، طلحہٰ انجم اور بوہیمیا ججز مقرر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان میں ریپ موسیقی کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ملک کے پہلے باقاعدہ ریپ رئیلٹی شو ’ریپ آئیکن پاکستان‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں نامور ریپرز طلحہٰ انجم اور بوہیمیا ججز کے فرائض انجام دیتے نظر آئیں گے۔

پکسل انٹرٹینمنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اس جھلک میں مہنگی گاڑیوں، منفرد فیشن اور ریپ بیٹلز کے سنسنی خیز مناظر دکھائے گئے ہیں، جہاں نوجوان فنکار اپنی صلاحیتوں کا جادو جگا رہے ہیں۔

یہ پروگرام 24 مئی سے یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، جبکہ پہلے اسے عید الفطر کے موقع پر ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے بعد میں تبدیل کردیا گیا۔

اس شو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر رضوان صدیقی کے مطابق پہلے سیزن میں 12 ابھرتے ہوئے ریپرز کے درمیان مقابلہ ہوگا جو 10 اقساط کے دوران مختلف چیلنجز اور تھیمز پر مبنی ریپ کے ذریعے ایک دوسرے کو مات دینے کی کوشش کریں گے۔

اس مقابلے کا اصل مقصد پاکستان میں ریپ موسیقی کے نئے ٹیلنٹ کو دریافت کرنا ہے تاکہ ملک کو طلحہٰ انجم یا بوہیمیا جیسے مزید بڑے ستارے مل سکیں۔ شو کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے ریپرز گرینڈ فائنل میں ’ریپ آئیکن‘ کے ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران رئیلٹی شوز کی مقبولیت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے، جس میں ’ماسٹر شیف‘ اور ’شارک ٹینک‘ جیسے بین الاقوامی فارمیٹس کی کامیابی اہم ہے۔

اگرچہ ’پاکستان آئیڈل‘ کا فائنل علاقائی کشیدگی اور کفایت شعاری کی مہم کے باعث فی الحال تعطل کا شکار ہے، تاہم ’ریپ آئیکن‘ کی ریلیز سے تفریحی صنعت میں نئی جان پڑنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

اس کے علاوہ میڈیا حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں بھی جاری ہیں کہ اس شو کے بعد ’پاکستان گاٹ ٹیلنٹ‘ جیسے بڑے مقابلے بھی جلد پاکستانی ناظرین کے لیے پیش کیے جاسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں