رانا ثنا اللہ 15

پاکستان کشمیر کی حیثیت، آبادی کے تناسب یا سیاسی شناخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتا ہے، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثنااللہ نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔5اگست 2019 کو بھارت نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔

سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ بھارت کا یہ غاصبانہ عمل کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر ایک براہ راست حملہ تھا،پاکستان جموں و کشمیر کی حیثیت، آبادی کے تناسب یا سیاسی شناخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتا ہے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے،ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، فوجی کارروائیوں، طویل حراستوں نے جموں کشمیر کی مقامی آبادی میں عدم تحفظ پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک دن پر میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں،کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے،تحریک آزادیِ جموں کشمیر،تحریک تکمیلِ پاکستان ہے۔

سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں اور دہائیوں سے جاری ان کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں،کشمیری عوام کی ہمت، ثابت قدمی اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے ۔عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں، بلکہ انسانیت اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں