سردار ایاز صادق 14

پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، عزم اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 14اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک تابناک دن ہے، یہ دن ہمیں آزادی کی عظیم نعمت پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے، قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور وطن عزیز کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے، پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، عزم اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، ہمارے اسلاف نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، پاکستان بانیان پاکستان کے عزم، حوصلے، استقامت اور قربانیوں کی زندہ علامت ہے، یوم آزادی ہمیں اپنی تاریخ سے وابستگی، قومی ذمہ داریوں کے احساس اور مستقبل کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ ذاتی، سیاسی، لسانی اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے،قومی یکجہتی، باہمی برداشت، جمہوری تسلسل، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی پاکستان کو پائیدار ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمیشہ بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، معرکہ حق کے دوران پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے جس اتحاد، عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا، وہ قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، اس موقع پر پوری قوم نے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے قوم متحد اور یکسو ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، شہدا اور غازیوں نے وطن کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، قوم انہیں ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیں قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی، وطن سے وفاداری اور پاکستان کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کا درس دیتی ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن، تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے مذاکرات، رابطہ کاری اور سفارتی ذرائع کے ذریعے امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے علاقائی و عالمی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے لیے مربوط اقدامات علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا میں اتحاد، اخوت، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے فروغ کو ہمیشہ اہمیت دیتا ہے اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ آزادی کے تقاضے صرف ملکی سرحدوں اور خودمختاری کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے پاکستان کی تعمیر بھی ہماری قومی ذمہ داری ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز مساوی مواقع، انصاف، معیاری تعلیم، صحت، روزگار اور معاشی ترقی کے ثمرات میسر ہوں، معاشی استحکام، خودانحصاری، انسانی وسائل کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک روشن، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیادی ضروریات ہیں۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمان آئین کی بالادستی، قانون سازی، عوامی نمائندگی، احتساب اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنا آئینی کردار بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی، ایک مضبوط، فعال اور بااختیار پارلیمان ہی عوامی امنگوں کی موثر ترجمانی، قومی اتفاق رائے کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک آزادی پاکستان میں خواتین کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قیام پاکستان کی تحریک کے دوران مردوں کے شانہ بشانہ شریک رہی ہیں، خواتین نے تحریک آزادی پاکستان کے دوران عوامی حمایت منظم کرنے اور مسلم لیگ ن کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم جہاں آرا شاہنواز اور دیگر خواتین رہنمائوں نے عوامی اجتماعات اور رابطہ مہمات کے ذریعے تحریک آزادی پاکستان کو مضبوط بنایا، تحریک آزادی پاکستان کے دوران خواتین کی جدو جہد اور قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، تحقیق اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری قومی ترجیح ہونی چاہیے، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائنس، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو عالمی معیشت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا تصور پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان، نظم و ضبط، آئین کی پاسداری، جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی کا درس دیتا ہے، ہمیں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں ایک ایسا پاکستان تشکیل دینا ہوگا جو مضبوط، خودمختار، جمہوری، آئینی، فلاحی اور معاشی طور پر مستحکم ہو۔

سپیکر قومی اسمبلی نے یوم آزادی کے موقع پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی حقِ خودارادیت اور آزادی کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی آزادی کی خوشیوں میں ان اقوام کو فراموش نہیں کر سکتا جو آج بھی اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام نے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان کی جدوجہد عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے، پاکستان ان کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ قومی مفاد کو ذاتی اور گروہی مفادات پر ترجیح دے کر، اتحاد و اتفاق کو فروغ دے کر اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لا کر ہی ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال ریاست بنا سکتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم وطن عزیز کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری، قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیں گے اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک مضبوط، خودمختار، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور قوم کے اجتماعی عزم، محنت، دیانت، نظم و ضبط اور اتحاد کے ذریعے ملک کو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، وطن عزیز کو ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے محفوظ رکھے اور ہمارے شہدا و غازیوں کی عظیم قربانیوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں