سینیٹر محمد اورنگزیب 62

پاکستان میں یو این ڈی پی کے منصوبوں کے لئےمناسب منصوبہ بندی، شفاف رپورٹنگ اور قومی ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی ) کے پاکستان میں منصوبے اہمیت کے حامل ہیں،ان منصوبوں کے لئے مناسب منصوبہ بندی، شفاف رپورٹنگ اور قومی ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندہ ڈاکٹر سیموئیل رزک سے ملاقات میں گفتگو کرتےہوئے کہی۔ ملاقات میں یو این ڈی پی کے جاری منصوبوں اور پاکستان میں عوامی و نجی شعبے کے ساتھ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر سیموئیل رزک نے یو این ڈی پی کی مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، جن میں سماجی ترقی، ماحولیاتی لچک، توانائی کی منتقلی، ڈیجیٹل تبدیلی اور عوامی شعبے میں کارکردگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پائیدار ترقی کو فروغ دینا، ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستان کی مزاحمت ولچک کو بہتر بنانا، اور طویل المدتی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نےیواین ڈی پی منصوبوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے زور دیا کہ ان منصوبوں کے لیے مناسب منصوبہ بندی، شفاف رپورٹنگ اور قومی ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں کی کامیابی کا انحصار ان کے مکمل طور پر سرمایہ کاری کے قابل، بینک کے معیارات کے مطابق اور بین الاقوامی معیار کے تحت نگرانی اور رپورٹنگ پر ہے۔

وزیر خزانہ نے یو این ڈی پی کی جانب سے ترجیحی شعبوں میں فراہم کی جانے والی تکنیکی اور مالی معاونت پر یو این ڈی پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت کی شمولیتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا جس میں آبادی میں اضافہ، بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے کلیدی چیلنجز کا سامنا شامل ہے۔ انہوں نے ان امور کو حکومت کی سماجی و اقتصادی ترقی کی وسیع تر حکمت عملی کا مرکز قرار دیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے مزید کہا کہ حال ہی میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ پروگرام پراتفاق ہوا ہےجس کا مقصد انسانی وسائل کی ترقی، نجی شعبے کی مضبوط اور پائیدار ترقی اور ملک کی اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی لچک کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات یو این ڈی پی کے کام کو تقویت دیں گے اور حکومت کے طویل المدتی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہوں گے۔ فریقین نے پاکستان کو درپیش اہم ترقیاتی چیلنجز، خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی، سماجی ترقی اور عوامی شعبے کی کارکردگی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں