اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی مرکز بنانے اور نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت فراہم کی جائے گی جس سے فلم انڈسٹری اور نجی شعبہ بھی مستفید ہو سکے گا، پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں کے مطابق ایک موثر اور مالی طور پر پائیدار تربیتی ادارہ بنایا جائے گا۔
وہ پی ٹی وی اکیڈمی کی بحالی کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارت اطلاعات کے سینئر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی، پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ کے لئے تربیتی پروگراموں، جدید تکنیکی سہولیات اور عملی تربیت پر مبنی مختلف ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نجی شعبے کے اشتراک سے پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کے لیے مختلف تربیتی ماڈلز پیش کیے گئے جن کا مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پی ٹی وی کے لیے آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔ اجلاس میں اکیڈمی کے لیے جدید کلاس روم اور اسٹوڈیو لیب کی تیاری، طلبہ کے لیے ورک سٹیشنز کی تنصیب، تکنیکی عملے اور ٹرینرز کی تعیناتی اور نصاب کی تشکیل سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی ڈرامہ اینڈ فلم اکیڈمی کی بحالی اور پی ٹی وی ہوم کی ری ویمپنگ حکومت کی میڈیا اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ کلر گریڈنگ کی جدید تربیت فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، اس سے قبل اس شعبے میں تربیت اور جدید سہولیات کے حصول کے لئے بیرون ملک جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کلر گریڈنگ کی سہولت پاکستان میں دستیاب ہونے سے فلم انڈسٹری اور نجی شعبے کو جدید تکنیکی تربیت اور سہولیات میسر آئیں گی جبکہ مقامی سطح پر فلم سازی کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے شفاف اور عملی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا تاکہ تربیتی پروگراموں کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈمی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال اور موثر تربیتی ادارہ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فلم، ڈرامہ، ایڈیٹنگ، کلر گریڈنگ اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں عملی مہارتیں فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اکیڈمی میں جدید ایڈیٹنگ سوٹس، سٹوڈیو لیب اور تکنیکی آلات کے ذریعے طلبہ کو پیشہ ورانہ ماحول میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگراموں میں تھیوری کے ساتھ عملی کام، پراجیکٹ سازی اور پورٹ فولیو کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی ہوم اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لئے نوجوانوں کے تخلیقی پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ان اقدامات سے پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو جدید تکنیکی مہارتوں، تربیت یافتہ افرادی قوت اور مقامی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈمی کو ایک موثر تربیتی مرکز بنانے کے ساتھ مالی طور پر پائیدار ادارہ بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔








