امیر مقام 38

پاکستان خطے میں امن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے،امیر مقام

چارسدہ(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے میں امن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان اہم سفارتی عمل میں بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے، ہماری افواج اور قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اسکیم پورے ملک میں بلا امتیاز جاری ہے۔

وہ منگل کو باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی کی اس پروقار تقریب میں آپ سب کے درمیان آکر مجھے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ تقریب درحقیقت پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے کیونکہ آج ہم اپنے ان ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں جو اپنی محنت، قابلیت اور لگن کے باعث اس اعزاز کے مستحق ٹھہرے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ عظیم اقدام وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے وڑن کا عکاس ہے جنہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کیلئے یہ انقلابی قدم اٹھایا۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اسکیم پورے ملک میں بلا امتیاز جاری ہے، جس میں چاروں صوبے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ اسکیم مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ آپ کے روشن مستقبل کی کنجی ہے، یہ آپ کو تحقیق، تعلیم اور دنیا سے جڑنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ رانا مشہود احمد خان کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کیلئے امید کی ایک کرن بن چکا ہے۔ اسی طرح پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ، دانش اتھارٹی اور دیگر منصوبے بھی ہزاروں طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نہ صرف خطے میں امن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے بلکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری اہم سفارتی عمل میں بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور قوم کو ایک نئی طاقت بخشی، آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی نے پوری قوم میں ایک نیا جذبہ اور حوصلہ پیدا کیا ہے، یہ فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ آپ اس قومی جذبے کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، محنت کریں، علم حاصل کریں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔ آپ ہی اس ملک کا مستقبل ہیں اور آپ ہی نے اس کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانا ہے۔ وفاقی وزیر نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور پروگرام سے وابستہ تمام افراد اور تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں