عطا اللہ تارڑ 34

پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات استوار ہیں،وزیراطلاعات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات استوار ہیں، پاک چین دوستی کے بارے میں ہم اپنے بزرگوں سے داستانیں سنتے آئے ہیں ، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو داستانیں سنائیں گے۔وہ پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب ”پاک چین ثقافتی شام” سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ایسا رشتہ ہے جو نسل در نسل ہم تک منتقل ہوا اور یہ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، پاک چین دوستی کے بارے میں ہم اپنے بزرگوں سے داستانیں سنتے آئے ہیں اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کو یہ داستانیں سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف پہاڑوں اور دریاؤں میں شریک ہیں بلکہ ایک مضبوط رشتے میں بھی بندھے ہوئے ہیں جو کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بچوں کی جانب سے ثقافتی تقریب میں بہترین پرفارمنس دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ای پی ونگ اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے مہمان خصوصی پروفیسر احسن اقبال کو تقریب میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر احسن اقبال پاک چین دوستی کے مضبوط حامی رہے ہیں، سی پیک ٹو کے فروغ میں ان کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران پروفیسر احسن اقبال اس یقین کے ساتھ آگے بڑھے کہ پاک چین دوستی اس ملک کو خوشحالی کی طرف لے جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پروفیسر احسن اقبال کو تقریب سے خطاب کیلئے مدعو کیا۔ قبل ازیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل نے تقریب میں شریک تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط روایات، مشترکہ اقدار اور طویل شراکت داری کی تاریخ پر استوار ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا دوستی کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، معیشت اور سٹریٹجک تعاون کے علاوہ دونوں ممالک کے تعلقات عوامی روابط کے ذریعے بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ثقافت میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ لوگوں کو اس انداز میں قریب لائے جو بعض اوقات سرکاری دستاویزات نہیں لا سکتیں جبکہ گفتگو، موسیقی اور مشترکہ تجربات باہمی فہم و ادراک کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 برس کی تقریبات اس حقیقت کی یاددہانی ہے کہ دیرپا دوستی صرف پالیسی سازی کے کمروں تک محدود نہیں رہتی بلکہ ایسے خوشگوار لمحات میں بھی پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد میں شامل تمام اداروں، فنکاروں، منتظمین اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ثقافتی شام شرکا کے لئے یادگار لمحات، بامعنی گفتگو اور پاکستان و چین کی لازوال دوستی بارے تازہ احساسات کا باعث بنے گی۔

چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کی دوستی کو بے مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کی دنیا گواہ ہے، یہ ہر موقع پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں تقریب میں آمد پر وفاقی وزرا پروفیسر احسن اقبال اور عطاء اللہ تارڑ نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے بچوں نے انتہائی شاندار پرفارمنس پیش کی۔ تقریب کے آخر میں وفاقی وزرا پروفیسر احسن اقبال اور عطاء اللہ تارڑ،چین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ، سیکرٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور دیگر نے چین پاکستان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں