صدر مملکت 152

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں ، صدر مملکت

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، دوطرفہ زبردست تعاون کو فریقین کے باہمی فائدے کے لیے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، او آئی سی ممالک نے مشکل وقت میں افغانستان کے عوام کو امید، یکجہتی اور اتحاد کا مضبوط پیغام دیا ، اسلامی ممالک کو اسلام فوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب شوری کونسل کے وفد نے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد بن شیخ کی قیادت میں ملاقات کی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں ، دوطرفہ زبردست تعاون کو فریقین کے باہمی فائدے کے لیے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے مشکل وقت میں سعودی عرب کی تاریخی مسلسل حمایت اور پاکستان کی مالی مدد کو سراہا۔ عارف علوی نے سعودی قیادت کو افغانستان میں انسانی صورتحال پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں غیر معمولی اجلاس بلانے کے بروقت اقدام پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک نے مشکل وقت میں افغانستان کے عوام کو امید، یکجہتی اور اتحاد کا مضبوط پیغام دیا ، اسلامی ممالک کو اسلام فوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کے خلاف ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ محمد بن شیخ نے کہا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ، دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں