شہباز شریف 70

پاکستان افغانستان ازبکستان ریلوے لائن سے تجارت کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان ازبکستان ریلوے لائن سے تجارت کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔

جمعہ کوپاکستان کے شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے شپنگ سیکٹر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے پلان مرتب کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل شپنگ کارپوریشن کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں،پاکستان افغانستان ازبکستان ریلوے لائن سے خطے میں تجارت کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے تحت وسطی ایشیا سے تجارتی سامان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے دنیا بھر میں آمدورفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے ریلوے اور شپنگ شعبے کی بہتری کلیدی اہمیت رکھتی ہے،پاکستانی شپنگ لائنز کیلئے سامان کی ترسیل سے ملک کے لیے قیمتی زر مبادلہ کا نادر موقع ہے،پاکستان کے فریٹ کی مد میں خرچ ہونے والے زرمبادلہ کی بچت کیلئے بحری بیڑے میں جہازوں کی تعداد میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم نے وزارت سمندری امور اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو شعبے کی ازسرنو اصلاحات اور پائیدار بزنس ماڈل پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، جنید انور چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں