اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ کشمیر کی متنازع حیثیت پر غیر ذمے دارانہ بیانات قابلِ قبول نہیں، یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر ردِعمل میں شیری رحمن نے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت بدلنے کی جتنی کوشش کرے، حقائق تبدیل نہیں کر سکتا۔
شیری رحمن نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا مقف یو این کی قراردادوں اور حقِ خودارادیت پر مبنی ہے، امریکی سفیر کا کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینا واشنگٹن کے سابقہ مقف سے مطابقت نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد کشمیر پر امریکی صدر کے بیان کا پاکستان نے خیر مقدم کیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی راہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی نکل سکتی ہے۔
شیری رحمن نے کہا کہ کشمیر پر یک طرفہ بھارتی مقف عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت کے طور پر پیش کرنا درست نہیں، امریکی قیادت کے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کو سنجیدگی سے آگے بڑھانا چاہیے۔









