اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) جون 2026 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرض بڑھ کر 1740 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف کے مطابق اسے 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرض میں ہونے والے 400 ارب روپے کے بہاؤ کو سبسڈی کی مد میں ایڈجسٹ کیا جانا تھا، آئی ایم ایف اور پاکستان کی معاشی ٹیم کے درمیان مذاکرات میں زیرو اِن فلو ہدف طے کیا گیا تھا، جس کے تحت گردشی قرض کو 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا تھا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں تقریباً 480 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوا، جبکہ وزارت خزانہ نے گردشی قرض کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے تقریباً 350 ارب روپے فراہم کیے۔
اس کے باوجود مجموعی طور پر 130 ارب روپے سے زائد کا اضافہ گردشی قرض کے مجموعی سٹاک میں شامل ہوا، اس اضافی رقم کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے متعلقہ وزارت ورکنگ کر رہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت کو توقع ہے کہ آئندہ اقتصادی جائزے تک گردشی قرض کو دوبارہ 1600 ارب روپے کی مقررہ حد تک لانے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔









