سردار ایاز صادق 17

پارلیمان کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کا تسلسل ایک مستحکم اور روشن پاکستان کی ضمانت ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دستور ساز اسمبلی کا قیام پاکستان کی قومی و پارلیمانی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل تھا، جس نے ملک میں آئینی، جمہوری اور پارلیمانی نظام کی مضبوط بنیاد رکھی،پارلیمانی جمہوریت ریاست پاکستان کا اساس ہے جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پارلیمان پاکستان 10 اگست کو معرض وجود میں آیا جبکہ مملکت پاکستان کا قیام اسی پارلیمان میں 14 اگست 1947 کو ہوا، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی روایات کا فروغ، قومی یکجہتی، ملکی استحکام، پائیدار ترقی اور عوامی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار دستور ساز اسمبلی کے قیام کی 79 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 10 اگست 1947کو کراچی میں منعقد ہونے والا دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس بانیانِ پاکستان کے جمہوری وژن کی عملی تعبیر تھا، جس نے آئین سازی، قانون سازی اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھ کر ایک جدید، جمہوری ریاست کی تشکیل کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں آئینی اداروں کے احترام، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی نمائندگی کے تقدس کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں میں موثر کردار ادا کرنے کے لئے نوجوان نسل کو پاکستان کے آئینی ارتقا، پارلیمانی تاریخ اور جمہوری روایات سے روشناس کرانا ضروری ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان ادارہ ہے، جو مثر، بروقت اور عوام دوست قانون سازی کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کا حل یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان قانون سازی مزید مثر بنانے اور پارلیمانی کارروائی میں شفافیت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی احترام، مکالمے، برداشت اور اتفاقِ رائے کی پارلیمانی روایت کو فروغ دیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مضبوط جمہوری ادارے ہی قومی استحکام اور ترقی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک فعال پارلیمان مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضامن ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام تک معلومات کی بروقت رسائی، ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے اور پارلیمانی امور میں جدت لانے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئین، پارلیمانی امور، قواعد و ضوابط اور قانون سازی کے عمل سے روشناس کرانے کے لیے قومی اسمبلی کا انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے، جو نوجوانوں میں جمہوری شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان 2015سے مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہو چکی ہے، جو ماحول دوست پالیسیوں، توانائی کے مثر استعمال اور پائیدار ترقی کے قومی وژن سے اس کے عملی عزم کا مظہر ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان آئین کے تحفظ، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی خوشحالی کے اہداف صرف مضبوط جمہوری اداروں، مثر قانون سازی، آئین کی بالادستی اور قومی اتفاقِ رائے کے ذریعے ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی کے قیام کی سالگرہ بانیانِ پاکستان کے جمہوری وژن، آئینی اصولوں اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان وفاق کی علامت، قومی وحدت کا مظہر اور عوام کی اجتماعی آواز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مثر قانون سازی، شفاف طرزِ حکمرانی اور مضبوط جمہوری ادارے ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں، اور پارلیمان اس قومی مقصد کے حصول کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں