لیاقت بلوچ 17

وفاقی وزیر احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے رابطہ، مذاکرات کے لیے ایک روز کی مہلت مانگ لی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ٹیلی فون رابطہ کرکے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی۔

جماعت اسلامی کے شعبہ اطلاعات کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور پیر کو ہونا تھا، تاہم حکومت نے اب یہ مذاکرات منگل کو کرنے کی درخواست کی ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بتایا کہ احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو کیے جائیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے معاملات پر حکومت سے مذاکرات کے لیے کمیٹی قائم کر رکھی ہیں جب کہ حکومت کی ان معاملات پر دو کمیٹیاں قائم ہیں۔ پٹرولیم لیوی پر مذاکرات منگل جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر مذاکرات بدھ کو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام پر عائد پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز سے متعلق معاملات پر اپنا مؤقف مذاکرات میں پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں ، لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کی کمیٹی نے حکومت کو پٹرولیم لیوی کے خاتمہ کے لیے جامع تجاویز دی ہیں ، جس کا حکومت کی جانب سے کوئی مدلل جواب نہیں آیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے نام پر ٹال مٹول قبول نہیں ، حکومت پٹرولیم لیوی ختم کرے ، ایسا نہ ہوا تو بیس ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں