اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف برسرِپیکار سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں۔بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کو ملنے والی نمایاں کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم یکسو اور متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔








