اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہاراور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔وزیراعظم نے پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر خیبر پختونخوا پولیس کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔







