اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے آبنائے ہرمز میں ”پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے پائیدار معاہدے کی راہ ہموار کرے گی جو خطے اور اس سے باہر دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائے گا۔
بدھ کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں ”پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کے حوالے سے بروقت اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور دیگر برادر ممالک خصوصاً سعودی عرب اور میرے برادر عزیز ولی عہد ووزیراعظم محمد بن سلمان کی درخواست پر مثبت اور فراخدلانہ ردعمل اس نازک وقت میں خطے میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں بہت معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ وہ تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے والی تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، ہم پر امید ہیں کہ موجودہ پیش رفت ایک ایسے پائیدار معاہدے کی راہ ہموار کرے گی جو خطے اور اس سے باہر دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں کو نکالنے کے لیے پروجیکٹ فریڈم عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ میں یہ اعلان ایران کے ساتھ اتفاقِ رائے کے بعد کر رہا ہوں، ایران کے ساتھ مکمل اور حتمی معاہدے کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔








