اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں، بالخصوص شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت سمیت توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔









