حنیف عباسی 17

وزیر ریلوے کی اٹلی کے 80ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب میں شرکت ،اٹالین گورنمنٹ اور عوام کو مبارکباد پیش کی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اٹلی کے 80ویں یومِ جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی اور اٹلی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔محمد حنیف عباسی نے مختلف شعبوں میں اٹلی کے تعاون کو پاک اٹلی تعلقات کے استحکام میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور کاروباری شراکت داری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی۔

وفاقی وزیر نے تقریب کے انعقاد کو پاک اٹلی تعلقات کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے اٹلی کی سفیر مارلینا آرمیلن کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مثبت اور تعمیری شراکت داری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور اٹلی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں