اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں دکھی انسانیت کے لیے گراں قدر خدمات پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیر ریلوے نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے خدمتِ انسانیت کی وہ لازوال مثال قائم کی ہے جسے قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب کی زندگی ایثار، محبت اور بے لوث خدمت کا روشن باب ہے اور انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کو ہی اپنی زندگی کا واحد مقصد بنا رکھا تھا۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایدھی صاحب کا مشن آج بھی انسانیت کے لیے امید اور حوصلے کی علامت ہے،
معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کی خدمت کرنا ہی دراصل ایدھی صاحب کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہماری نوجوان نسل کو ایدھی صاحب کے کردار اور ان کے بے لوث جذبے سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ وزیر ریلوے نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عبدالستار ایدھی مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کی انسان دوستی اور فلاحی خدمات تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔









