اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر)کے یوم شہادت پر ان کی شجاعت، وطن سے بے لوث وفاداری اور جرت مندی پر پوری قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبہ حب الوطنی، فرض شناسی اور میدان جنگ میں لازوال قربانی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر)کے 78 ویں یوم شہادت پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کیلئے ان کی بے مثل اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے،کیپٹن محمد سرور شہید نےآزادی کشمیر کی پہلی کشمیر جنگ 27 جولائی 1948 کے دوران دشمن کا تاریخی اور مثالی دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی ہیں جن کو مادر وطن کی خاطر قربانی کے اعزاز میں نشان حیدر سے نوازا گیا،کیپٹن محمد سرور شہید نے جنگ کیمحاذ پر فرض شناسی، شجاعت، بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت ہمارا فخر اور پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں، کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنی جرت، دلیری اور استقامت سے ثابت کیا کہ دفاع وطن میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے،کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبہ حب الوطنی، فرض شناسی اور میدان جنگ میں لازوال قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید سمیت تمام بہادر شہدا پر فخر ہے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔









