شہباز شریف 10

نوجوانوں کی بہترین ذہنی و جسمانی اور فکری و علمی نشو ونما کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی بہترین ذہنی و جسمانی اور فکری و علمی نشو ونما کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت اور پر عزم محنت بلا شبہ معاشرے کے ہر شعبے میں امید افزاء ترقی کا باعث ہے۔

نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر نوجوانوں کے عالمی دن پر، تمام باصلاحیت نوجوانوں کو ان کی بیش قیمت قدرتی استعداد، پر جوش توانائی اور مثبت امنگوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے،اس سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے،یہ موضوع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ دنیا کے طول و عرض میں نوجوانوں کی زندگی مختلف حالات کے زیر اثر ہوتی ہے مگر تابناک مستقبل کے خواب، امنگیں اور خواہشات یکساں ہوتی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہماری قوم کا انمول سرمایہ ہیں، نوجوان ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہیں، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت اور پر عزم محنت بلا شبہ معاشرے کے ہر شعبے میں امید افزاء ترقی کا باعث ہے۔نوجوان کی صلاحیتوں اور بھرپور استعداد کا اظہار ہی خوشحال، پرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کیا ہے اور مقامی سطح پر بھی معاشرہ میں فعال سماجی رکن کی حیثیت سے اپنا تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی بہترین ذہنی و جسمانی اور فکری و علمی نشو ونما کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت پاکستان نوجوانوں کوعصر حاضر سے ہم آہنگ، جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ، روزگار کے مواقع، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف پالیسیز کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں، ہنر اور پیشہ وارانہ استعداد کار کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کر سکیں اور عالمی افق پر ملک کا نام روشن کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہونہار طلباء کے لیے تعلیمی میدان میں ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل اور مصنوعی ذہانت کی ٹریننگ کی راہیں کھولنے کے لیے حکومت نے سکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ کی تقسیم، پیڈ انٹرن شپ جیسے متعدد مثبت اقدامات اٹھائے ہیں، وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام ملک میں باصلاحیت اور ہنر مند افرادی قوت کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت سے لیس اور ہنر مند افرادی قوت کی مستند اور عالمی معیار کی تربیت کے لیے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو ترجیحی بینادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔

یہ قومی ادارہ افرادی قوت کو بين الاقوامی سطح پر تسليم شده اسناد اور صنعتوں کو درکار ہنر کی تربیت کے لئے خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن میں اپنے نوجوانوں کو خصوصی پیغام دیتا ہوں کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمت وطن کے جذبے کے ساتھ محنت کا سفر جاری رکھیں،نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی منزل پنہاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیے تجدید عہد کریں کہ سب متحد ہو کر بھر پور انداز میں ملکی ترقی و خوشحالی میں تعمیری اور فعال کردار ادا کریں گے تاکہ نوجوانوں سمیت تمام طبقات کے لیے وطن عزیز ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں