قصور(رپورٹنگ آن لائن )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ جس تبدیلی کے ہم خواہاں ہیں اور جس پاکستان کو ہم دیکھنا چاہتے ہیں، وہ تبدیلی ہمارے نوجوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے،نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔کھڈیاں خاص، ضلع قصور میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
حقِ حکمرانی عوام کا حق ہے اور منتخب نمائندوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل حل کریں، کیونکہ حقیقی بہتری اسی وقت آئے گی جب نمائندے اپنے علاقوں اور عوام سے جڑے رہیں گے ۔سپیکر ملک محمد احمد خاںنے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کا نوجوان باشعور، تعلیم یافتہ اور اپنے حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ ہو۔ یہ سیاست، یہ حکومت اور یہ ریاست سب عوام کی ہے۔ نوجوانوں کو ملک کے مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔سپیکر ملک محمد احمد خاںنے ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پاک فوج کے جوان ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کا نوجوان اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔سپیکر ملک محمد احمد خاںنے کوہاٹ میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں قیامتِ صغریٰ برپا ہوئی، تاہم دشمن یہ جان لے کہ وہ پاکستانی قوم کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا۔
سپیکر ملک محمد احمد خاںکا کہنا تھا کہ ملک محفوظ ہوگا تو ہی ترقی اور خوشحالی کا سفر آگے بڑھے گا، جبکہ قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔تعلیم کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاںنے کہا کہ اگر پاکستان کا نظامِ تعلیم بہتر ہوجائے تو ملک کو درپیش بہت سی مشکلات کا حل ممکن ہے۔ آج بھی ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور ہمیں ملک کے ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔سپیکر ملک محمد احمد خاںنے کہا کہ تعلیم کے ساتھ صحت کے نظام کو بہتر بنانا بھی ناگزیر ہے پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں متعدد اقدامات کر رہی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے تعلیم اور صحت دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
سپیکر ملک محمد احمد خاںنے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اسی طرز کے یوتھ کنونشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاںنے علاقے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیااور بتایا کہ موٹروے کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب وزیراعظم خود یہاں آکر کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی علاقے میں یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گی۔سپیکر ملک محمد احمد خاںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں، باشعور بنیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔









