اعظم نذیرتارڑ 11

نوجوان پاکستان کا قیمتی انسانی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی انسانی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کی توانائی، صلاحیت اور تخلیقی سوچ ملک کی ترقی کا اہم ذریعہ ہے۔عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، انہیں معیاری تعلیم، ہنر، روزگار اور مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے حقوق اور مستقبل کا تحفظ ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار دینا وقت کی ضرورت ہے۔ تعلیم اور ہنرمندی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی بنیادی بنیادیں ہیں جبکہ نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نوجوان خواتین کو مساوی مواقع اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دینا ہوگا، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین نوجوانوں سمیت ہر شہری کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں، نوجوانوں کو اظہارِ رائے، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔نوجوانوں میں برداشت، رواداری اور ذمہ داری کی اقدار کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے سماجی، معاشی اور قومی مستقبل کے اہم شراکت دار ہیں، ان کی شمولیت کے بغیر پائیدار قومی ترقی ممکن نہیں۔ نوجوان اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں اور دیانت داری، قانون پسندی اور قومی ذمہ داری کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور بااختیار نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنا کر مضبوط، جامع اور خوشحال پاکستان تعمیر کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں