ڈاکٹر فاروق ستار 12

نئے انتظامی یونٹس سے بچنے کیلئے تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، فاروق ستار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نئے صوبوں کے حق میں نہیں، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے بچنے کیلئے قانون میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کے وڈیروں کو وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، 18 سال میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں تباہی مچائی، اب اگر ان کا بوجھ بانٹا جا رہا ہے تو انہیں خوش ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بلدیاتی قانون نامناسب وقت پر سازش کے طور پر لایا گیا، یہ قانون 2013ء سے نافذ ہے اور آئین کے آرٹیکل 140 اے کی نفی کرتا ہے، اس کی تصحیح ہونی چاہیے۔

ایم کیو ایم اس معاملے پر سپریم کورٹ بھی گئی تھی جہاں ہمارے حق میں فیصلہ آیا تھا۔فاروق ستار نے کہا کہ شہروں اور دیہات کو براہِ راست انتظامی اختیارات اور وسائل دینے چاہئیں، نئے انتظامی یونٹس ملک کی سیاسی، معاشی اور سماجی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔ قانون میں تبدیلی کے ذریعے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر ہونے والے مکالمے کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کے ذریعے سندھ کے 6 ڈویڑن کو انتظامی یونٹس بنایا جائے تو ہر علاقے کو اپنے وسائل پر براہِ راست اختیار حاصل ہوگا اور وہاں کے حکمرانوں کا احتساب بھی آسان ہوگا۔

بدانتظامی اور خراب حکمرانی پر قابو پانے کیلئے انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی آئینی ترمیم کیلئے صوبوں سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ صوبے خود نئے صوبوں کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے۔ وڈیروں، جاگیرداروں اور سرداروں نے چند خاندانوں کی اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے عوام کی شراکت داری کو محدود کر رکھا ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں بلدیاتی اداروں کو جو اختیارات دیے گئے تھے، وہ بھی واپس لے لیے گئے۔

اب جو تھوڑے بہت اختیارات دیے جا رہے ہیں، ان کے ذریعے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم یہ کوشش ناکام ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ مارچ میں سندھ کے بلدیاتی نظام کے چار سال مکمل ہوجائیں گے، مگر پیپلز پارٹی کی حکومت نے چھ سال میں اپنے ہی میئر کو اختیارات نہیں دیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں