سندھ ہائی کورٹ 17

میر رضا کیس: اہلخانہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیخلاف سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میر رضا قتل کیس میں مقتول کے اہلخانہ نے سندھ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے پولیس کو تفتیشی رپورٹ جمع کرانے کے لیے 7 ستمبر تک مہلت دے دی۔میر رضا قتل کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی، جہاں تفتیشی افسر سراج لاشاری اور مقتول کے اہلخانہ کے وکلا پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 7 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔مدعی کے وکیل ایڈووکیٹ دانیال حسین نے تفتیشی افسر سے اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں استفسار کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ میر رضا کے موبائل فون اور دیگر اشیا کی فرانزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد تحقیقاتی رپورٹ مکمل نہیں کی جاسکی۔

دوسری جانب مقتول میر رضا کے والد میر حسین علی، والدہ مریم اور بہن علیشہ سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔میر رضا کے والد میر حسین علی نے سندھ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں سندھ ہائیکورٹ سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست کریں گے۔

مقتول کی بہن علیشہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے فیصلے سے متعلق انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا، اہلخانہ کو نہ تو اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی کمیشن کے قواعد و ضوابط اور شرائط سے متعلق بتایا گیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس کو 24 اگست کو عدالت میں رپورٹ پیش کرنا تھی، لیکن رپورٹ اب تک سامنے نہیں آئی تو پھر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کس بنیاد پر کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کو یہ بھی معلوم نہیں کہ تحقیقاتی رپورٹ میں کیا سامنے آیا ہے اور حکومت اس رپورٹ سے متفق ہے یا نہیں۔

علیشہ نے واضح کیا کہ اہلخانہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے ساتھ نہیں کھڑے اور وہ شروع ہی سے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق خاندان کا واحد مطالبہ جے آئی ٹی تشکیل دینا ہے تاکہ میر رضا کی ہلاکت کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات آگے بڑھ سکیں۔واضح رہے کہ کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کا معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے زیر بحث ہے۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقات اور طبی رپورٹس سے متعلق مختلف سوالات سامنے آنے کے بعد مقتول کے اہلخانہ نے موت کو خودکشی قرار دینے کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں