سید یوسف رضا گیلانی 14

ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں پیشہ ور ماہرین کا کردار انتہائی اہم ہے، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں پیشہ ور ماہرین کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے باصلاحیت، بااخلاق اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ور افراد کی ضرورت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملتان میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکانٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے پاکستان)کے 36ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کامیابی کا معیار صرف تعلیمی اسناد کا حصول نہیں بلکہ دیانتداری، پیشہ وارانہ اخلاقیات اور عملی زندگی میں ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم اے پاکستان نے ملکی صنعت، کارپوریٹ شعبے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ادارے کا 75 سالہ سفر پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ اور قومی تعمیر کے لئے قابلِ قدر خدمات کا مظہر ہے۔ انہوں نے ادارے کی قیادت کو پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور مستقبل کے کاروباری رہنماں کی تیاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے پیشہ وارانہ تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گریجویشن اختتام نہیں بلکہ نئی ذمہ داریوں اور مواقع کا آغاز ہے، نوجوان اپنی پیشہ وارانہ کامیابی کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی کو بھی ترجیح دیں کیونکہ فارغ التحصیل طلبہ کی حقیقی کامیابی ملک و قوم کے لئے ان کی خدمات میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے ماہرین کی ضرورت ہے جو جدید معاشی تقاضوں کو سمجھتے ہوئے ملکی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں، پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دیانتداری اور قومی ذمہ داری کا احساس معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر آئی سی ایم اے پاکستان کے صدر محمد یاسین نے ادارے کی تاریخ، پیشہ وارانہ تعلیم اور قومی خدمات پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کامیاب طلبہ میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں