مفتاح اسماعیل 52

ملک میں غربت مسلسل بڑھ رہی ہے،غریب آدمی کے لیے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہوگیا ہے،مفتاح اسماعیل

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)عوام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ غریب شخص سیلز ٹیکس کی مد میں ہر چیز پر ٹیکس دے رہا ہے، حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں غربت مسلسل بڑھ رہی ہے،غریب آدمی کے لیے گھر کا چولہا چلانا مشکل ہوگیا ہے، تنخواہ دار طبقے پر اس وقت 40 فیصد ٹیکس ہے، حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کرے،یونیورسٹی روڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ آبنائے ہرمز پہلے کھل جائے گی اور یونیورسٹی روڈنہیںکھلے گا، کراچی کا پیسہ نہ شہر پر خرچ ہو رہا ہے اور نہ ہی صوبے میں ترقی نظر آ رہی ہے۔

وہ مقامی بینکوئٹ میں عوام پاکستان پارٹی کے تحت صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات مکمل ہوگئے ہیں اور پارٹی قیادت منتخب ہوگئی ہے۔ ہماری جماعت اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔۔انہوں نے کہاکہ ہم گیس، بجلی، پیٹرول سمیت تمام قومی امور پر رائے دے رہے ہیں۔ ہم مثبت اپوزیشن جماعت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے حصہ لے گی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مصنوعی قلت پیدا ہو رہی ہے جبکہ حکومت فی لیٹر 131 روپے تک ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ ایک موٹر سائیکل سوار سے ماہانہ تین ہزار روپے سے زائد ٹیکس لیا جا رہا ہے جبکہ امیروں پر ٹیکس نہیں لگایا جاتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اخراجات میں کمی کے دعوے کر رہی ہے مگر عملی طور پر ایسا نظر نہیں آتا۔

عوام پر مزید ٹیکس ڈالنے کے بجائے حکومتی اخراجات کم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 12 فیصد مزید لوگ غربت کا شکار ہو چکے ہیں، عوام کی آمدنی کم اور اخراجات بڑھ گئے ہیں، اس لیے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری جماعت کو حکومت ملی تو کراچی کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا، ہائیڈرنٹس ختم کیے جائیں گے اور پانی کا مسئلہ ایک سال میں حل کیا جائے گا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے علاقے منظور کالونی میں منشیات تو دستیاب ہیں لیکن پانی نہیں۔ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جبکہ ناقص تعلیمی نظام کے باعث بچے بنیادی تعلیم سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر غریب بچے کو ماہانہ چار ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا اور یکساں نصاب تعلیم نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام ہمیں ووٹ دیں، ہم ان کے مسائل حل کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں