لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ٹیکسلا سے سابق ایم پی اے عمار صدیق خان کے اغواء کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمار صدیق خان کو کچھ ملزمان نے اغواء کیا جن کو بعد میں بازیاب کرا لیا گیا۔
انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کے باوجود عمار صدیق اغواء کے نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری قابل تشویش ہے،اتنا وقت گزر جانے کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمار صدیق خان ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا اغواء بہت افسوسناک ہے،یہ بہت تشویش ناک بات ہے کہ اب سیاست دانوں کو بھی اس عمل کا سامنا ہے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہم سیاسی لوگوں کے اغواء اور انہیں حراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے مطالبہ کیا کہ اس کیس کی منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات یقینی بنا کر نامزد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اورحکومت نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔









