انور ابراہیم 21

ملائیشیا کا اسرائیلی فوج کیلئے امداد کو اپنے ملک سے گزرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان

کوالا لمپور ( رپورٹنگ آن لائن) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کیلئے بھیجی جانے والی کسی کھیپ کو ملائیشیا سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انور ابراہیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ملائیشیا ایسی کسی بھی کھیپ کیلئے راستے کے طور پر استعمال نہیں ہوگا جو اسرائیلی فوجی صلاحیتوں اور فلسطینیوں سمیت دیگر بے گناہ افراد کے خلاف مظالم میں معاونت یا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ مشتبہ کھیپ کی ملائیشین قانون کے مطابق جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

ان کے یہ ریمارکس بلوم برگ کی رپورٹ کے بعد سامنے آئے جس میں بتایا گیا تھا کہ ملائیشیا کے حکام نے ملک کی بڑی بندرگاہ سے اسرائیل جانے والی تمام شپ منٹس کی ترسیل روک دی ہے۔

حکام نے گزشتہ ماہ 19 اگست کو 3 کنٹینر بھی روکے تھے، ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں