اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی، اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور کشمیری عوام پر مسلسل ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل معمول بن چکا ہے، جبکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد ہونے والی واک میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے، جبکہ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔









