عبدالعلیم خان 12

مری، مظفرآباد موٹروے بنائینگے، میرپور کو پنجاب، اسلام آباد ،خیبر پختوانخواہ سے لنک کرینگے’علیم خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہم نہ صرف مری اورمظفر آبادموٹروے بنائیں گے بلکہ میرپور کو پنجاب اسلام آباد اور خیبر پختوانخواہ سے لنک کریں گے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کئی جلسوں میں کشمیرمیں ایئرپورٹ اورموٹروے بنانے کے وعدے کیے گئے لیکن گزشتہ 60 سال میں یہ وعدے پورے کیوں نہیں کیے گئے؟جب میں نے مری ایکسپریس وے بنانے کا اعلان کیا تو دوسروں کو بھی موٹروے کاخیال آگیا۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ خطے کی ترقی کے لئے ہمارا ساتھ دیں،روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے،صنعتیں لگائیں گے اور سیاحت کو فروغ دیں گے،آزاد کشمیر میں فائیو اسٹار ہوٹلز اور ریزورٹس بنائے جائیں گے تاکہ خطہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے 100 فیصد نوجوان تعلیم حاصل کریں،کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو اورشرح خواندگی 100 فیصد ہو،عوام کوبہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ علاج کے لیے انہیں دوسرے علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔وفاقی وزیر عبد العلیم خان بتایا کہ دوسال قبل وزارت مواصلات کی ذمہ داری سنبھالی تو این ایچ اے کا ریونیو 66 ملین تھا، جو دو سال میں بڑھ کر 130 ملین تک پہنچ گیا ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ آزاد کشمیرجیسے خوبصورت ترین خطے کی محرومیوں کو دیکھ کر افسوس ہوتا ہے،متعدد سیاسی جماعتیں یہاں سے بارہا ووٹ لے کر عوام سے جھوٹے وعدے کرتی رہیں،لیکن علاقے کی ترقی کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں