بلاول بھٹو زرداری 11

مخالفین کو چیلنج کرتاہوں وہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر کراچی سے باہر نکل کر دکھائیں،بلاول بھٹو

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مخالفین کوچیلنج کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر کراچی سے باہر نکل کر دکھائیں، سندھ میں اپنی جماعت کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور سمجھتاہوں کہ صوبے میں بہت کام کیا گیا ہے، تاہم مزید بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے۔ایک انٹرویومیںبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی کارکردگی کا جائزہ لینا عوام کا کام ہے، چیئرمین پی سی بی کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہت سے کام کیے ہیں اور وہ اپنی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی بیان دیا ہے تو اس پر بحث کے ساتھ یہ کہنا کہ فیصلہ پہلے ہی ہوچکا ہے، سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر فیصلہ ہوچکا ہے تو پھر بحث کس بات کی ہے اور ان کی رائے کے اظہار پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے؟ کیا انہیں اپنی رائے دینے کی آزادی بھی نہیں؟سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بعض سیاست دان خاموش رہنے کو بہتر سمجھتے ہیں، جبکہ کچھ کی تاریخ رہی ہے کہ جیل جانے کے بعد اپنے مؤقف میں تبدیلی لے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہیں، تاہم پارلیمنٹ میں پہلے دن سے ان کا مؤقف رہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل سیاست دانوں کو خود نکالنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم اور ریفرنڈم سے متعلق مطالبات پر کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ریفرنڈم کا مطالبہ کرنے والے اسے کروا بھی سکیں گے۔ انہوں نے مخالفین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر کراچی سے باہر نکل کر دکھائیں۔کراچی کے انتظامی اور شہری مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کا کسی دوسرے شہر سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں شاید ہی کوئی ایسا شہر ہو جسے بیک وقت چار مختلف ادارے چلا رہے ہوں۔

کراچی کے معاملات میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، سندھ حکومت اور ڈی ایچ اے کا کردار ہے، اس لیے شہر کے مسائل بھی دوسرے شہروں سے مختلف ہیں۔سیف سٹی منصوبے کے تحت کیمروں کی تنصیب پر تنقید کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے یہی لوگ کراچی میں سیف سٹی کیمرے نہ ہونے پر تنقید کرتے تھے، لیکن اب کیمرے نصب ہونے کے بعد ان کی مخالفت کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے بقول ان کیمروں کی مدد سے جرائم میں ملوث افراد پکڑے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں