محسن نقوی 19

محسن نقوی کی سرفراز بگٹی سے ملاقات، دہشتگردی کیخلاف اقدامات تیز کرنے پر اتفاق

کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی پولیس کو مضبوط بنانے کے فیصلوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا، وزارت داخلہ نے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی حکمت عملی میں بلوچستان پولیس کے سابق سربراہان کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے، وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ میرٹ کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں