ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت اور جذبات کی عکاسی کے حوالے سے پاکستانی ڈراموں کا کوئی مقابلہ نہیں۔
ایک موقع پر گفتگو کے دوران شہناز گل نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے ہانیہ عامر، بلال عباس خان اور فہد مصطفی کے نام لیے۔شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں میں کہانی، جذبات اور فنکاروں کے درمیان کیمسٹری کو بھی سراہا۔پاکستانی ڈراموں کو منفرد قرار دیتے ہوئے شہناز گل نے کہا کہ ان میں محبت کی کہانیاں انتہائی فطری محسوس ہوتی ہیں کیونکہ ان میں جسمانی قربت کے بجائے جذبات کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت کے اظہار کے لیے کرداروں کا ایک دوسرے کو چھونا بھی ضروری نہیں ہوتا، بلکہ بغیر جسمانی قربت کے محبت اور اپنائیت کا اظہار ایک الگ ہی کشش رکھتا ہے۔
شہناز گل کے مطابق جذبات پر مبنی انداز اور سلو برن اسٹوری ٹیلنگ ناظرین کی دلچسپی کو مزید بڑھاتی ہے۔انہوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا واقعی کوئی مقابلہ نہیں۔شہناز گل کو بگ باس 13 میں شرکت کے بعد بھارت بھر میں شہرت ملی، جہاں ان کی بے ساختہ شخصیت اور آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کے ساتھ دوستی نے انہیں بھارت کی مقبول ٹی وی شخصیات میں شامل کر دیا۔
بعد ازاں شہناز گل نے فلموں میں بھی قدم رکھا اور سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان سے بالی ووڈ ڈیبیو کیا، جبکہ وہ تھینک یو فار کمنگ سمیت دیگر فلموں میں بھی نظر آئیں۔اداکاری کے ساتھ ساتھ شہناز گل موسیقی کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں اور معروف شخصیات کے انٹرویوز بھی کرتی رہی ہیں۔









