سپریم کورٹ آف پاکستان 15

متوفی ملازم کی پنشن و مراعات پر پہلا حق بیوہ یا نامزد شخص کا ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ نے فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنشن اور متعلقہ مراعات کی قانونی حق دار بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص ہوگا، محض قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر بہن بھائی ان مراعات کے مستحق نہیں بنتے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے تحریر کردہ چار صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین اور ادارے کے سروس رولز کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے، جبکہ صرف وراثت کی بنیاد پر پنشن کا دعویٰ قابل قبول نہیں۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ فوت شدہ ملازم کی پنشن کا حق صرف بیوہ یا قانون کے مطابق نامزد فرد کو حاصل ہوتا ہے، اس لیے بہن بھائیوں کو محض قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر پنشن یا متعلقہ مراعات کا حق نہیں دیا جا سکتا۔

عدالتِ عظمیٰ نے اس معاملے میں فوت شدہ پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں کی جانب سے وراثت نامہ جاری کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں