محمد جاوید قصوری 11

مایوس نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب بہت زیادہ ہے مگر بدقسمتی سے انہیں تعلیم، فنی تربیت، ہنر اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے روزگار کی تلاش میں دربدر ہیں جبکہ بڑی تعداد بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک جانے پر مجبور ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیت، توانائی اور قابلیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، لیکن حکومتی پالیسیوں میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کے مستقل حل کو وہ ترجیح حاصل نہیں جو ہونی چاہیے۔ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مختلف منصوبوں اور پروگراموں کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم اصل ضرورت ان اعلانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ہے تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار اور اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے مواقع میسر آ سکیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور ہنرمند افراد کے لیے محدود مواقع ملکی معیشت اور مستقبل دونوں کے لیے تشویش ناک صورتحال ہے۔

کو چاہیے کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کو فروغ دے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے، کاروبار شروع کرنے میں آسانیاں فراہم کرے اور نجی شعبے میں روزگار کے فروغ کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے تو یہی طبقہ پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی پیداوار، برآمدات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کو نمایاں مقام دلا سکتا ہے۔ نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر انہیں بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے 16 اگست کو لاہور میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر ہونے والے احتجاجی دھرنے میں نوجوان بھرپور شرکت کریں اور اپنے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے آواز بلند کریں گے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں نظر انداز کرنے کے بجائے تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، کیونکہ ایک بااختیار اور باصلاحیت نوجوان ہی مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں