مراد علی شاہ 7

ماہی گیروں کا معاشی تحفظ اور آبی حیات کا تحفظ سندھ حکومت کی ترجیحات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ماہی گیری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہی گیری ساحلی علاقوں میں روزگار کی فراہمی اور قومی معیشت کے استحکام کا اہم ذریعہ ہے، جبکہ ماہی گیروں کی معاشی معاونت اور انہیں محفوظ روزگار کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آبی حیات کا تحفظ نہ صرف ماحول کے توازن بلکہ ماہی گیری سے وابستہ افراد کے پائیدار روزگار کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

سندھ حکومت ماہی گیروں کی سہولت کے لیے ایندھن پر سبسڈی، جال، آئس باکس اور حفاظتی جیکٹس فراہم کر رہی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں ان کی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے جیٹیاں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سمندری وسائل کے تحفظ کے لیے غیرقانونی جالوں اور ممنوعہ طریقوں سے شکار کی روک تھام ضروری ہے۔ ممنوعہ موسم کے دوران مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کرنے کا مقصد آبی حیات کی افزائش اور قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری ہیچریوں کے ذریعے مچھلی کے بچے مختلف آبی ذخائر میں چھوڑے جا رہے ہیں، جبکہ ماہی گیروں کو تربیت اور جدید طریقہ ہائے کار سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ماہی گیری کے شعبے کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دی جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پائیدار ماہی گیری سے نہ صرف ماہی گیروں کی آمدن میں اضافہ ممکن ہے بلکہ سمندر، دریاؤں اور جھیلوں کے قدرتی وسائل کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے ماہی گیروں پر زور دیا کہ وہ سمندر، دریاؤں اور جھیلوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور آبی حیات کی بقا کے لیے ذمہ دارانہ طریقوں سے ماہی گیری کو فروغ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں