ذوالفقار علی شاہ 11

ماہرہ خان اور فہد مصطفی کی ستارہ امتیاز کیلئے سفارشات وفاق نے مسترد کردیں، وزیر ثقافت سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفی کے نام ستارہ امتیاز کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو بھیجے گئے تھے، تاہم وفاقی حکومت نے دونوں نامزدگیاں مسترد کردیں۔

کراچی میں تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ماہرہ خان اور فہد مصطفی کے نام دو مرتبہ ستارہ امتیاز کے لیے تجویز کیے گئے۔صوبائی وزیر کے مطابق دونوں فنکاروں کی نامزدگیاں معروف شخصیات پر مشتمل ایک کمیٹی کی سفارش پر کی گئی تھیں۔ کمیٹی نے ان کی فنونِ لطیفہ اور شوبز کے شعبے میں خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی اعزاز کے لیے نام تجویز کیے تھے۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سفارشات کے باوجود وفاقی حکومت نے ماہرہ خان اور فہد مصطفی کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارشات مسترد کردیں۔انہوں نے کہا کہ نامزدگیاں مسترد کیے جانے کی وجوہات سندھ حکومت کو نہیں بتائی گئیں۔صوبائی وزیر نے فنکاروں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں