منعم ظفر خان 17

لیوی کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، منعم ظفرخان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، جس کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ حکومت مہنگائی کم کرنے کے بجائے آئے روز عوام پر نئے بوجھ ڈال رہی ہے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات واضح ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور بجلی کے شعبے میں کام کرنے والے آزاد بجلی پیدا کرنے والے اداروں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے تاکہ عوام سے وصول کیے جانے والے بھاری بلوں اور اضافی ادائیگیوں کی حقیقت سامنے آسکے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر ٹیکسوں اور مختلف نوعیت کے اضافی مالی بوجھ ڈالے جا رہے ہیں۔ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کی جانے والی رقم کا بھی شفاف حساب دیا جانا چاہیے۔

منعم ظفر خان نے بتایا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے چاروں صوبوں میں دھرنے جاری ہیں اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی، بجلی کے بھاری بلوں، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں