بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی دعوت پر چلی کے وزیرِ خارجہ فرانسسکو پیریز 18 سے 22 اگست تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی وزارتِ خارجہ کی معمول کی پریس کانفرنس میں ترجمان لن جیان نے کہا کہ چلی لاطینی امریکہ اور ایشیا بحرالکاہل خطے کا ایک اہم ملک ہے اور عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا جنوبی امریکہ کا پہلا ملک تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے نصف صدی سے زائد عرصے کے دوران چین۔چلی تعلقات چین اور لاطینی امریکہ و کیریبین ممالک کے درمیان تعلقات میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے سربراہان کی تزویراتی رہنمائی میں چین۔چلی تعلقات میں مسلسل نئی پیش رفت ہوئی ہے، سیاسی باہمی اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے، مختلف سطحوں پر روابط میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا ہوا ہے۔
رواں سال چین اور چلی کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ ہے۔ چین کو توقع ہے کہ اس دورے کے ذریعے چلی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی و علاقائی امور پر گہرائی سے تبادلۂ خیال کیا جائے گا، دوستی کو آگے بڑھانے، اتفاقِ رائے کو وسعت دینے اور تعاون کو مزید گہرا کیا جائے گا، تاکہ چین۔چلی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔








