لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں ملزم فیضان شوکت کی درخواست ضمانت پر سماعت ٹرائل کورٹ کی رپورٹ کی روشنی میں غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے قتل کیس کے ملزم فیضان شوکت کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے لا افسر نے ملزم کے ٹرائل سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قتل کیس کا ٹرائل جاری ہے تاہم گواہان ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہورہے، جس کے باعث عدالت نے ان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔لاء افسر نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ گواہان کے ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمے کا ٹرائل مکمل ہوجائے گا۔عدالت نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت پر مزید کارروائی موخر کردی اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ملزم فیضان شوکت کے خلاف قتل کا مقدمہ مدعیہ سلمی عرفان کی مدعیت میں 12جون 2020ء کو ساتھ کینٹ لاہور میں درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں قتل کے الزام کا سامنا کرنے والے ملزم نے ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔اس کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن بھی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔









