سردار ایاز صادق 11

قائداعظمؒ کی بصیرت افروز اور بے لوث قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا، سردار ایاز صادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظمؒ کی بصیرت افروز اور بے لوث قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔

قائداعظمؒ کی غیر معمولی سیاسی بصیرت، اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی اور جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔ ان کی اصولوں سے وابستگی اور تاریخی جدوجہد قوم کے لیے ہمیشہ مشعل راہ اور باعث تقویت رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی، جمہوری اصولوں اور سیاسی دانش مندی کو مقدم رکھا۔ ان کی زندگی اور جدوجہد اس امر کی عکاس ہے کہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے ثابت قدمی، اتحاد اور تنظیم ناگزیر ہیں۔ سپیکر نے نوجوان نسل کو قائداعظمؒ کی زندگی، جدوجہد اور افکار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ کا وژن پاکستان کے حال اور مستقبل کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک ایسے پاکستان کے خواہاں تھے جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار، مساوات اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کو خصوصی اہمیت دی۔ انہوں نے قائداعظمؒ کے وژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے جمہوری روایات کو مستحکم کرنے، معاشرے میں برداشت، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان قائداعظمؒ کے جمہوری اور آئینی وژن کی محافظ ہے۔ پارلیمان کو مضبوط بنانا، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے موثر قانون سازی کرنا قائداعظمؒ کے وژن کی تکمیل کی جانب اہم اقدامات ہیں۔

انہوں نے قوم کو قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینے اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کی برسی کا دن نہ صرف ان کی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ ان کے اصولوں پر خلوص اور لگن کے ساتھ کاربند رہنے کے عہد کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور قوم کو ان کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ کی سیاسی بصیرت، ثابت قدمی اور اصولوں سے وابستگی پاکستان کی تاریخ کا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کو بنیادی اہمیت دی۔ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے قائداعظمؒ کے وژن اور اصولوں پر کاربند رہنا ناگزیر ہے۔ڈپٹی سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمانے کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں