نہال ہاشمی 10

پیٹرول دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں سستا ہے، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں پیٹرول مہنگا ہے، جبکہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑی ہے۔

گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں ملازمین کیلئے آگاہی و تشخیصی آنکھوں کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں گورنر ہاؤس کے تمام ملازمین کا آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا جائے گا، جس سے امراض چشم میں مبتلا افراد کو علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کیمپ کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور اس حوالے سے مختلف ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ حکومت اپنا کردار ادا کررہی ہے، موجودہ حالات میں تمام ممالک مختلف مشکلات سے دوچار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

پیٹرول کی قیمت کے حوالے سے کئی شعبے شامل ہوتے ہیں، جس کے بعد صارفین تک پیٹرول پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوتے ہیں، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ماضی میں پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جس کا فائدہ عوام کو پہنچا۔گورنر سندھ نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، تاہم ایسا احتجاج نہیں ہونا چاہیے جس سے دوسرے شہریوں کو تکلیف پہنچے۔ جماعت اسلامی کو بھی اپنا احتجاج پرامن اور عوام کیلئے مشکلات کا باعث نہ بننے کی صورت میں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور عوام کے مفادات کا تحفظ اس کی ترجیح ہے۔ ہم اپنے عوام کیلئے ہمیشہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں