شرجیل انعام میمن 12

قائداعظم کے پاکستان میں ہر شہری برابر ہے، اقلیتیں پاکستان کی طاقت ہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں ہر شہری برابر ہے اور اقلیتیں پاکستان کی طاقت ہیں۔

ہندو، مسیحی، سکھ، پارسی اور تمام اقلیتی برادریاں پاکستان کا فخر ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دیوالی ہو، کرسمس ہو، بیساکھی ہو یا ایسٹر، سندھ کی خوبصورتی مختلف مذاہب کے رنگوں سے ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے۔ سندھ حکومت نے ہمیشہ اقلیتوں کے آئینی، مذہبی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری سمجھا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ سندھ میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کسی قسم کی تفریق کی کوئی گنجائش نہیں، جبکہ سندھ حکومت اقلیتی برادریوں کو قومی ترقی کے سفر میں برابر کا شراکت دار سمجھتی ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں۔ اقلیتی برادریوں کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام جاری ہے اور 2020 سے 2025 تک 6 ہزار سے زائد اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی گئیں۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ مستحق اقلیتی خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 25 ہزار سے 50 ہزار روپے تک معاونت کا پروگرام بھی موجود ہے۔ صوبے میں حساس اقلیتی مذہبی مقامات کی سکیورٹی کے لیے 253 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت، بحالی اور دیکھ بھال کے لیے بھی مختلف اسکیموں کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیز اور ڈویڑنل سطح پر سہولت ڈیسک قائم کیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور معاشرے میں بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ اقلیتی شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے سندھ ہندو میرج ایکٹ میں ترمیم سمیت دیگر اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی سمیت مختلف شعبوں میں اقلیتی شہریوں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں