اویس قادر شاہ 9

قائداعظم کا وژن پارلیمانی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور مساوی حقوق پر مبنی تھا، اسپیکر سندھ اسمبلی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی کے موقع پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے آزاد وطن حاصل کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح مضبوط پارلیمانی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے داعی تھے۔ ان کی سیاسی جدوجہد اور اصول آج بھی پاکستان کے جمہوری نظام کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کی یقین دہانی کرائی تھی۔ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر آزادانہ عمل کرنے اور عبادت کا حق حاصل ہے اور یہی قائداعظم محمد علی جناح کا وژن تھا۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ قائداعظم کا اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور جمہوری اقدار کا پیغام آج بھی قومی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

موجودہ حالات میں بانی پاکستان کے افکار اور اصولوں پر عملدرآمد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے افکار پر عمل کرتے ہوئے پارلیمانی اداروں کو مزید مضبوط بنانا اور پاکستان کو مستحکم کرنا ہوگا۔ جمہوری اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں