فریال تالپور 5

قائداعظم کی زندگی عزم، دیانت اور آئینی جدوجہد کا لازوال درس ہے، فریال تالپور

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 78ویں یوم وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی زندگی عزم، دیانت اور آئینی جدوجہد کا لازوال درس ہے، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو صرف ایک وطن نہیں دیا بلکہ آنے والی نسلوں کو ایک عظیم ذمہ داری بھی سونپی۔اپنے پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان انصاف، مساوات، برداشت اور قانون کی حکمرانی کا پاکستان ہے۔

قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم آج بھی پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان اصولوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کو حقیقی خراج عقیدت اسی صورت پیش کیا جاسکتا ہے جب ہر شہری کے وقار، بنیادی حقوق اور آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا فروغ ہی قائداعظم کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے۔فریال تالپور نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے جمہوری اور آئینی وڑن کو آگے بڑھایا اور ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد کی جہاں عوام کی رائے، آئین کی بالادستی اور جمہوری اصولوں کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مضبوط، پْرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کا وڑن آگے بڑھا رہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی قائداعظم کے جمہوری پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔فریال تالپور نے کہا کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت بنانا صرف حکومت یا کسی ایک سیاسی جماعت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں ایسا پاکستان تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور قانون سب کے لیے یکساں ہو۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے لیے بلندی? درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، اسے امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرنے کی توفیق دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں